لاہور: پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، مسافروں کے لیے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کورونا کی روک تھام کے لیے قائم کابینہ کمیٹی کا خصوصی ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں کورونا وبا کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور کورونا وبا سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورت حال پر غور کیا گیا جب کہ اجلاس میں اہم فیصلے بھی کیے گئے۔
اجلاس میں آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ سروس بھی کھولنے، ایس او پیز کے تحت گرجا گھروں میں اتوار کو عبادت کی اجازت دینے اور بڑے شاپنگ مالزکو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ پاورلومز کو بھی کام کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا، مسافروں، ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے، سینی ٹائزرز رکھنے کی پابندی ہو گی اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا۔