حکومت پنجاب نے ہوٹل، کیفے اور ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔تفصِلات کے مطابق سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ریسٹورنٹ، ہوٹل اور تمام قسم کے فوڈ پوائنٹس کھانے پینے کے انتظامات صرف کھلی جگہوں پر کر سکتے ہیں۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ تمام کاروبار رات 10 بجے بند کرنے کے اوقات کار پہلے سے ہی متعین ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ بلا ضرورت گھر سے باہر مت نکلیں، گھر رہیں، محفوظ وہیں۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھانے کے لیے بیٹھنے کا انتظام ایس او پیز کے مطابق سماجی فاصلے کو قائم رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ بیٹھنے کے لیے لگائے جانے والے میز اور کرسیوں میں ایس او پیز کے مطابق مناسب فاصلہ رکھا جائے گا جب کہ کھلی جگہوں پر بھی کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہو گا۔