جہلم: پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آئے تمام لوگوں کی اسکریننگ کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ بیرون ملک سے آئے لوگوں کے گھروں کی جیو ٹیگنگ ہوگی۔وزیراعلیٰ جہلم پہنچے جہاں انہوں نے کیڈٹ کالج میں قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا اور متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جہلم کے 28 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جہلم میں 1327 لوگ بیرون ملک سے آئے، جن کی دوبار اسکریننگ کی گئی جبکہ 552 مریضوں کو آئسولیشن میں رکھنے کے انتظامات کیے گئے ۔ قرنطینہمیں رکھنے کی سہولت 1022 بستروں تک بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے بچنے کے لیے سماجی فاصلے ضروری ہیں۔ پنجاب حکومت نے شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے بروقت اقدامات کیے ۔عثمان بزدار نے کہا کہ حکومتی پابندیاں شہریوں کی صحت اورحفاظت کے لیے ہیں۔ شہریوں کے تعاون سے کورونا کو شکست دیں گے۔ اس جنگ میں واحدآپشن صرف جیت ہے۔وائرس کے خلاف یہ جنگ ہم سب کو مل کر لڑنی ہے۔