پاکستان یو این ایچ سی آر کے قابل ستائش کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شاہ محمود

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں مہاجرین کے لیے یو این ایچ سی آر کے قابل ستائش کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا اور پاکستان میں افغان مہاجرین اور میزبان برادریوں کے لیے یو این ایچ سی آر کی اپیلوں کے مثبت ردعمل کا منتظر ہے۔
پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیر خارجہ نے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے چالیس سال سے زائد عرصے سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرتے ہوئے فراخ دلی، یکجہتی اور شفقت کا مثالی مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی ذمے داریاں بانٹنے کے اصول اور افغانستان کے پائیدار اور جلد پرامن حل کے عزم کی اپیل کا اعادہ کرتا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کا عالمی دن تنازعات کی روک تھام اور ان کے حل کی اہمیت کی یاد دہانی کراتا ہے جو لاکھوں افراد کو گھروں سے جبری طور پر بے گھر کرنے کی بنیادی وجوہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کورونا وائرس کے تباہ کن اثرات نے تشدد اور تنازعات سے بے گھر افراد کے مسائل کو مزید بڑھا دیا ہے اور آج پہلے سے زیادہ مہاجرین اور میزبان برادریوں کو مشترکہ ذمہ داری کے طور پر عالمی امداد کی ضرورت ہے جو مہاجرین کی میزبانی کرنے والے بڑے ممالک کی مالی ضروریات کو پورا کر سکے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ چالیس برسوں میں پاکستانی عوام نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں مثالی فراخدلی، یکجہتی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان انسانی اقدار نے صحت عامہ ، تعلیم ، معاش اور معاشرتی نقل و حرکت میں پاکستان کی جامع پالیسیاں تشکیل دی ہیں۔ موجودہ کووڈ ۔19 وبائی چیلنج کے دوران افغان مہاجرین ہماری صحت اور دیگر خدمات بغیر کسی امتیاز کے استعمال کر رہی ہیں۔