اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر جی 20 اجلاس میں 76 ترقی پذیر ممالک کو ڈیبٹ ریلیف دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی عمران خان کے موقف کی تائید کی تھی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، جہاں 20 لاکھ افراد اس وبا سے متاثر ہوئے وہیں عالمی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی، تاہم کورونا سے ترقی پذیر ممالک زیادہ مشکلات کا شکار ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 30 ہزار اموات ہوچکیں، ترقی یافتہ ممالک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے وہیں پاکستان میں بھی غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کے حصول میں پریشانی کا شکار ہے۔ اس صورتحال میں وزیراعظم عمران خان نے تجویز دی کہ ترقی پذیر ممالک کو قرضے کے حوالے سے ریلیف دیا جائے۔ اس کا بہت مثبت ردعمل آیا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز کی حمایت کی، ان کا کہنا تھا کہ ہماری بھی یہی سوچ ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے جی 20 اجلاس وزیراعظم عمران خان کے موقف کو سراہا گیا اور تنظیم نے تاریخی فیصلہ کیا کہ 76 ممالک کو ڈیبٹ ریلیف دیا جائے گا۔