کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور جمعرات کو کاروباری ہفتے کے تیسرے دن بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مارکیٹ کے مثبت رجحان نے ریکارڈ ساز تیزی کو برقرار رکھا۔
جمعرات کو کاروبار کا آغاز ہی 922 پوائنٹس کی نمایاں تیزی سے ہوا، جس کے ساتھ ہی کے ایس ای 100 انڈیکس 153,587 پوائنٹس کی نئی بلندی پر پہنچ گیا۔ تاہم تیزی کا یہ رجحان یہیں نہ رُکا، بلکہ دن بھر سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوتا رہا اور انڈیکس میں وقفے وقفے سے 1285، 1426، 1648 اور بالآخر 1719 پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھا گیا۔
نتیجتاً، کے ایس ای 100 انڈیکس 154,684 پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کا نیا سنگ میل ہے۔
مارکیٹ میں اس تیزی کی کئی وجوہ بتائی جارہی ہیں، جن میں معاشی پالیسیوں میں استحکام، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد اور مقامی سرمایہ کاروں کی طرف سے بڑھتی ہوئی دلچسپی شامل ہیں۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یہ تیزی اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز دیکھنے میں آئی، جس نے نہ صرف سرمایہ کاروں کو خوش کیا بلکہ معیشت کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ فراہم کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو مستقبل قریب میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج مزید ریکارڈ قائم کرسکتی ہے، جس سے معیشت میں بہتری کی امیدیں مزید بڑھ جائیں گی۔