کورونا وباء کے پیش نظر پاکستان سے221 ڈاکٹرز اور طبی عملے پر مشتمل پہلا بیچ کویت پہنچ گیا ہے، سفیر پاکستان سید سجاد حیدر نے ایئرپورٹ پر طبی عملے کا استقبال کیا۔ کویت میں وزارت صحت کی ضروریات کے مدنظر موجودہ حالات کے تناظر میں وزارت سمندرپار پاکستانی کا ایک اہم اور بڑا اقدام ہے جسکے نتیجے میں دس سال بعد خلیجی ممالک میں پاکستانی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی روانگی ممکن ہو سکی ہے۔اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کویت کے سفیر عبدالرحمن کے ہمراہ کویت روانہ ہونے والے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز سے تقریب میں خطاب کیا۔ کویت روانہ ہونے والی پہلی کھیپ میں 221 ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور نرسز شامل ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید دو سو افراد کویت جائیں گے۔ کویت ایک ہزار سے زائد پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز کو روزگار فراہم کرنے کا خواہاں ہے اور دس سالوں میں کوئی بھی ہنر مند فرد خلیجی ممالک نہیں بھیجا گیا۔ خلیج تعاون کونسل کے ممبر ممالک کو ہنرمند افرادی قوت برآمد کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔