ویلنگٹن: ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی سے آسٹریلیا اُکتا گیا، نیوزی لینڈ تیار دکھائی دیتا ہے، آسٹریلوی بورڈ نے شوپیس ایونٹ کے شیڈول پر انعقاد کو غیرحقیقی قرار دے دیا، چیئرمین ارل ایڈنگز نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ٹورنامنٹ منعقد کرنا بہت ہی مشکل ہوگا، دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر کھیل گرانٹ روبرٹسن نے کہا کہ ہم اپنے ملک میں مقابلے کراسکتے ہیں مگر حتمی فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو کرنا ہے۔
ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ رواں برس 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے، تاہم کورونا وبا کے باعث اس پر بے یقینی کے سائے لہرا رہے ہیں، اس کے مستقبل کا حتمی فیصلہ آئندہ ماہ متوقع ہے، میزبان آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی بھی اس سال میزبانی میں دلچسپی کم ہورہی ہے، اس کی ساری توجہ سال کے آخر میں بھارت سے ہوم سیریز پر مرکوز ہے جس سے اسے 300 ملین ڈالر کی آمدن ہونا ہے۔
آسٹریلیا آئی پی ایل کے لیے ورلڈکپ کے التوا کے متمنی بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی ناراض نہیں کرنا چاہتا۔ اب ایک بار پھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز کی جانب سے ایونٹ کے وقت پر انعقاد کو غیرحقیقی قرار دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگرچہ ابھی تک باضابطہ طور پر ورلڈکپ کو ملتوی یا منسوخ نہیں کیا گیا تاہم موجودہ صورت حال میں 16 ٹیموں کو آسٹریلیا میں جمع کرنا غیرحقیقی یا بہت زیادہ مشکل ہے کیونکہ بہت سے ممالک میں بدستور کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اس حوالے سے آئی سی سی کی بھی میٹنگز ہورہی ہیں اور حالات کے مطابق ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹی 20 ورلڈکپ کے چیف اور کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیف نک ہوکلے نے کہا کہ مقامی آرگنائزنگ کمیٹی بدستور تیاریوں میں مصروف اور جو بھی فیصلہ آیا اس کے لیے تیار ہوگی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر کھیل گرانٹ روبرٹس نے واضح کیا کہ کورونا پر قابو پانے کی وجہ سے ان کا ملک ٹی 20 ورلڈکپ کی میزبانی کے لیے تیار ہے، آسٹریلیا نے رواں برس کے آغاز میں ویمنز ٹی 20 ایونٹ کی عمدہ میزبانی کی، مجھے یقین ہے کہ تمام کرکٹ شائقین اپنے وقت پر ہی مینز ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پرامید ہوں گے، ہم اپنے ملک میں بھی اس ایونٹ کی میزبانی کرسکتے مگر اس کے بارے میں فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے۔