واشنگٹن: صدر ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود سابق مشیر جان بولٹن کی کتاب مارکیٹ میں آگئی، جس میں امریکی صدر سے متعلق منفی تاثرات قلم بند کیے گئے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کتاب روکنے کے لیے دائر کی گئی درخواست مسترد ہونے کے بعد سابق مشیر کی کتاب دی روم ویئر اٹ ہیپنڈ مارکیٹ میں آگئی، نیویارک کے بک اسٹورز کتاب کے پہلے ایڈیشن سے بھر گئے۔
سابق مشیر نے کتاب میں لکھا کہ امریکی صدر نے چینی ہم منصب سے آئندہ انتخاب جیتنے کے لیے مدد مانگی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وائٹ ہاؤس اہلکار صدر ٹرمپ کا مذاق اڑاتے ہیں، یہاں تک کہ وزیرِ خارجہ پومپیو (جو صدر ٹرمپ کے انتہائی وفادار ساتھی شمار ہوتے ہیں) نے ایک نوٹ لکھا تھا جس میں ٹرمپ کے متعلق کہا کہ وہ گندگی سے بھرے ہوئے ہیں۔
کتاب میں صدر ٹرمپ سے متعلق یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ امریکی صدر کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ برطانیہ جوہری طاقت ہے یا نہیں، ان کے لیے یہ ایک نئی خبر تھی کہ برطانیہ بھی جوہری ممالک کے کلب کا رکن ہے۔ جان بولٹن کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ وینزویلا میں فوجی مداخلت چاہتے تھے اور انتہائی پُرجوش تھے کہ وینزویلا میں امریکی فوج کی موجودگی بہت مزیدار ہوگی۔