کراچی:صوبائی وزیر اطلاعات وبلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ سارے ملک کی عوام بھگت رہی ہے، صوبے میں لاک ڈاون کو ختم کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات وبلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فی الحال کاروباری طبقے کو آن لائن معاشی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔ کوئی بھی ایسا منصوبہ یا پلان زیر غور نہیں جس میں صوبے سے لاک ڈاون مکمل طور پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہو۔ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ سارے ملک کی عوام بھگت رہی ہے، اگر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ہنگامی طور پر حفاظتی اقدامات نہ اٹھاتے تو آج صورت حال کچھ اور ہوتی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی تیار کردہ ایس و پیز پر عمل در آمد کرنا ضروری ہے، تاکہ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ معاشی پہیہ بھی چلتا رہے، ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے کے لئے سختی کے بجائے عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ہماری مدد کریں اور کارونا کے خلاف جنگ میں ہر آول دستے کا کردار ادا کریں۔