پشاور: وزیراعظم عمران خان نے عوام کو بجلی اور گیس کی قیمتیں کم کرنے کی خوش خبری سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جو بھی ہو جائے، ہم بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید بڑھنے نہیں دیں گے، بلکہ انہیں اب کم کریں گے۔
پشاور میں انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسپورٹس سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، کھیلوں سے انسان صحت مند رہتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ زندگی مقابلے کا نام ہے، ہارنے سے ڈرنا نہیں سیکھنا ہے، میں اگراسپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سالہ سیاست میں مقابلہ نہ کرتا اور بہت پہلے ہارمان جاتا، اگر میں نے مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہوتا تو یہ جو حکومت ملی، ڈیڑھ سال میں ہاتھ کھڑے کرکے گھر چلا جاتا۔