وزیرِاعظم سے برطانوی سائنسدانوں کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان سے برطانیہ میں مقیم سائنسدانوں کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں برطانیہ کے مختلف مایہ ناز تعلیمی اور تحقیقاتی اداروں سے تعلق رکھنے سائنسدانوں کے وفد موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی موجود تھے، وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ برطانیہ کے ستر سائنسدانوں کا وفد پاکستان میں ہے

جو ایگریکلچر نیوٹریشن، ہیلتھ کیئر اور بائیو ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کررہا ہے، جس کا مقصد ان شعبہ جات میں جدید علوم، تجربات اور معلومات کا تبادلہ خیال ہے، دوسری جانب اس ضمن میں متعلقہ پاکستانی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان روابط اور شراکت کا قیام ہے۔ وزیرِاعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملک میں موجود پوٹینشیل کو بروئے کار لانے کے لیے ٹیکنالوجی اور جدید ریسرچ کا فروغ نہایت اہم ہے۔