وزیراعظم کی کفایت شعاری اور حکومتی اخراجات میں کمی کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم نے کابینہ ڈویژن کے اخراجات میں کمی کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بجٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو بجٹ محصولات، اخراجات اور حکومتی ترجیحات کی حکمت عملی پربریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہوا ہے، معیشت کو استحکام دینے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں، حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے کہ غیر ضروری حکومتی اخراجات میں کٹوتی کی جائے اور ان شعبوں کو فروغ دیا جائے جن سے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں، معاشی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ اصلاحات کے عمل کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
عمران خان نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال میں کابینہ ڈویژن کے ماتحت اداروں کے اخراجات کم سے کم رکھیں، مشکل مالی معاملات کے پیش نظر کفایت شعاری مہم کو یقینی بنانے سمیت زائد اخراجات میں ہر ممکن حد تک کمی لائی جائے۔
اجلاس کے دوران مختلف شعبوں میں سبسڈیز اورحکومت کی مالی معاونت کی فراہمی کے معاملات پرغور کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی درحقیقت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ہے، سبسڈی کے پیسے کے بہترین اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔