کراچی: حکومتِ سندھ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صوبوں سے کی گئی پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل مسترد کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق وزیرا عظم کی گفتگو پر ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم کا احترام مگر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے کیوں کہ روزانہ کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں آج خود اعتراف کیا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے لوگ ایس او پی پر عمل نہیں کررہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تاجروں سے بار بار اپیل کی کہ ایس او پی پر عمل کروائیں،اس کا نتیجہ بھی سب نے دیکھ لیا۔ایس او پی طے ہونے کے بعدجب فیکٹری مالکان کو اجازت دی تو انہوں نے بھی ان پر عمل نہیں کیا۔ اس لیے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے۔ وزیراعظم صاحب سے اپیل ہے کہ آئیں مل کر کام کریں اس وقت صوبوں کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔