اسلام آباد: شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ اور ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا نے کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی۔
تفصیلات کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ نے آج وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں یہ رپورٹ پیش کی گئی۔
ذرایع کے مطابق 346 صفحات پر مبنی رپورٹ میں شوگر ملز مالکان پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے، رپورٹ کے ساتھ شوگر ملز مالکان کے بیانات بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں چینی کے بے نامی خریدواروں کا ذکر، ای سی سی کے فیصلے سے متعلق امور اور سٹہ کھیلنے کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔