اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ، پاکستان میں موذی وبا کے سدباب اور گھر گھر کھانا پہنچانے کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔ کل سے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بھی کھل جائے گی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم کا سینئر صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چین نے جب لاک ڈاؤن کیا تو گھروں میں کھانا پہنچایا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں چین سے کوئی کیس نہیں آیا لیکن تفتان میں ہمارے پاس مناسب بندوبست نہیں تھا۔ ہمارے ملک میں اب تک صرف 9 لوگ کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے لیکن ہم نہیں کہہ سکتے کہ دو ہفتے بعد پاکستان میں کیا صورتحال ہو۔ ایسی صورت حال پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ لوگوں کے جمع ہونے سے وائرس پھیلتا ہے۔ ہمیں سوچ سمجھ کر چلنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے درمیان گڈز ٹرانسپورٹ پر پابندی نہیں ۔ کھانے پینے کی اشیا بنانے والی فیکٹریاں بھی کام کرتی رہیں گی۔ ہم نے فیصلہ کیا گڈز ٹراسپورٹ پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
صحافیوں سے مکالمے میں انہوں نے کہا کہ شروع میں ایسا تاثر دیا گیا کہ جیسے حکومت کو سمجھ نہیں کیا کرنا ہے، یہ امریکا جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی نہیں ،حالانکہ اس موذی مرض کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا نے 2 ہزار ارب ڈالر ریلیف پیکیج دیا ہے۔ دوسری جانب ہماری ٹیکس کولیکشن 45 ارب ڈالر ہے۔ یہ جنگ حکومت نہیں، قوم جیت سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ایک کورونا فنڈ کا اعلان کریں گے۔ اس فنڈ کے ذریعے بے روزگاروں اور ڈیلی ویجرز کی مدد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کورونا کی جنگ میں ہمیں نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ ہم وبا کے تدارک کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس بنا رہے ہیں۔ ان نوجوانوں کے ذریعے لوگوں کے گھروں میں کھانا پہنچائیں گے۔ 31 مارچ سے رجسٹریشن شروع ہوگی
انہوں نے درخواست کی کہ اس وقت پاکستان کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ضرورت ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈالر قومی بینکوں میں جمع کرائیں۔ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر نیچے جانے کا ڈر ہے۔ پوری دنیا کی طرح ہماری برآمدات بھی متاثر ہوئی ہیں۔