وزیراعظم نے طبی عملے کے لیے حفاظتی اقدامات نہ ہونے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: وزیراعظم نے طبی عملے کے لیے حفاظتی اقدامات نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی حفاظت سے متعلق جامع پلان طلب کرلیا۔
عمران خان نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں کورونا میں مبتلا ہونے سے متعلق پائی جانے والی تشویش پر نوٹس لیتے ہوئے وزارت صحت کو ہدایات جاری کردیں۔ عمران خان نے این ڈی ایم اے حکام سے طبی عملے کے تحفظ کے لیے جامع پلان طلب کرلیا ہے۔
دھیان رہے کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے دوران ڈاکٹروں کی ہلاکتوں کے بعد طبی عملے میں عدم تحفظ کا احساس شدت اختیار کرگیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نے ڈاکٹروں کی حفاظت سے متعلق اقدام کیا ہے۔ محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق 28 مئی تک 17 ہیلتھ کیئر پروفیشنلز جان سے ہاتھ دھو چکے جب کہ ملک بھر میں میڈیکل کے شعبے سے متعلق 1904 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔