کراچی: عظیم بلے باز جاوید میاں داد نےفکسنگ میں ملوث کرکٹرز کو پھانسی دینے کا مطالبہ کردیا ۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قانون بنوائیں اور فکسنگ کا جرم کرنے والے کرکٹرز کو پھانسی دلوائیں جب کہ کھلاڑی کےساتھ بکیز کو بھی پھانسی دی جائے۔ سلیم ملک،عطاالرحمان اور دیگر کرکٹرز نےچند پیسوں کے لیے ملک بیچا۔
انہوں نے کہا کہ 1999میں کوچنگ اس لیے چھوڑی کہ مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ فکسنگ ہورہی ہے۔ جسٹس قیوم کمیشن کو فکسنگ سےمتعلق سب کچھ بتایا لیکن کھلاڑی بچ نکلے۔ کرکٹرزکمزور قوانین کی وجہ سے بچ جاتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ دعووں سےنکل کراب عمل درآمد کرے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ جسٹس قیوم کمیشن نے جن کرکٹرزکو پی سی بی سے دُور رکھنے کا کہا، آج بھی وہ بورڈ سے جڑےہوئے ہیں۔ جن سابق کرکٹرز پر تھوڑا سا بھی شک تھا، انہیں کرکٹ بورڈ میں نہیں ہوناچاہیے تھا۔ عمر اکمل بھی اعتراف جرم کر کے واپس آجائے گا۔