اسلام آباد: وزیر اعظم آفس میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل کر لیا گیا
تفصیلات کے مطابق ملک میں لاک ڈاؤن کے پیش نظر کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے سلسلے میں رجسٹریشن آج شروع ہوگی، اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ڈیٹا بیس سسٹم پر کام شروع کر دیا ہے، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن پورٹل وزیر اعظم کی منظوری سے آج شام آن لائن دستیاب ہوگا، نوجوان سٹیزن پورٹل پر خود کو رجسٹر کر سکیں گے۔عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس قومی سطح پر سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر تشکیل دی جائے گی، رضا کاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک جاری رہے گی، یہ فورس مکمل لاک ڈاؤن یا ہنگامی صورت میں کام کرے گی اور ان نوجوانوں کو گھروں تک راشن سپلائی کی تربیت دی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں مدد کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، ہم وزیر اعظم کا نوجوانوان پر اعتماد درست ثابت کریں گے، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت نوجوان بھی اب فرنٹ لائن فورس بنیں گے، امید ہے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔