ن لیگ نے کورونا کے حساس معاملے پر بھی سیاسی دُکان لگانے سے گریز نہ کیا، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ کورونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی، یہ قومی مسئلہ ہے، ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کے لیے کیے گئے، عمران خان کے بروقت اقدامات کی گواہی دنیا دے رہی ہے، عالمی ادارہ صحت کا بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا اگر آپ کو عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں آپ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کے بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی فارن میں بیٹھی اپنی قیادت سے پاکستان آنے کی اپیل کریں، (ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پہ وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق نے مزید کہا احسن اقبال صاحب کاش آپ ان کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے، منی لانڈرنگ کی اور پاکستان سے پیسہ باہر بھجوایا، اتحاد اور یکجہتی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اپوزیشن کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے میں قومی کاوشوں کو تقویت دے۔