نزلہ بخار میں مبتلا لوگ اسٹیڈیم نہ جائیں، وزیراعلیٰ سندھ کی اپیل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شائقین سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نزلہ اور بخار میں مبتلا افراد پی ایس ایل میچ دیکھنے اسٹیڈیم نہ جائیں۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے نیشنل اسٹیڈیم میں آنے والے تماشائیوں کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔

ایڈوائزری کے مطابق کھانسی، نزلہ یا زکام کی علامات کی صورت میں تماشائی اسٹیڈیم کا رُخ نہ کریں جب کہ اسٹیڈیم آنے والوں کی تھرمل اسکریننگ ہوگی۔ شہری صابن اور الکوحل والے سینیٹائزرز سے ہاتھ دھوئیں، چھینک کی صورت میں ٹشو پیپر یا رومال استعمال کریں اور ڈسٹ بن میں ڈالیں، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کیا جائے۔ اسٹیڈیم میں غیر ضروری طور پر کرسیوں، ریلنگ اور اسٹیل بار کو چھونے سے گریز کیا جائے، بخار اور کھانسی میں مبتلا شخص سے رابطے سے اجتناب برتا جائے، اسٹیڈیم میں سرِعام تھوکنے، گندگی پھیلانے سے گریز کیا جائے۔