نجی اسکولز 15 جون سے کھولنے کا اعلان

کراچی: پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ ایس او پیز تیار کرلی ہیں اسکول تین مرحلوں میں 15 جون سے کھول دیے جائیں گے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرائیوٹ اسکولز ایکشن کمیٹی کے سربراہ پرویز ہارون کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی ستمبر تک اسکولز بند رکھنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتی ہے، ہم نے ایس او پیز تیار کرلی ہیں، پہلے مرحلے میں چھٹی سے دسویں جماعت تک سیکنڈری سیکشن کے طلبا و طالبات 15 جون سے اسکول آئیں گے، دوسرے مرحلے میں پہلی جولائی سے جماعت سوم سے پنجم تک کے طلبا اپنی تعلیمی سرگرمیاں شروع کریں گے، جب کہ تیسرے مرحلے میں 10 جولائی سے پہلی سے پنجم جماعت تک کے تمام طلبہ و طالبات اسکول آئیں گے۔
پرویز ہارون کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ بچے پہلے ہی اسکول جانے سے محروم ہیں اور حکومت کے اس فیصلے نے 5 کروڑ مزید بچوں کو تعلیم سے محروم کررکھا ہے، جب وفاقی حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے تو تمام اسکولوں اور مدارس کو مکمل ایس او پیزکے ساتھ کھولنے کی فی الفور اجازت دی جائے، یقین دلاتے ہیں کہ تمام تعلیمی ادارے اور مدارس موثر طریقے سے احتیاطی تدابیر اختیار کر کے دیگر اداروں اور دفاتر کے لیے مثال ثابت ہوں گے۔
سربراہ پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی نے کہا کہ اسکولز کو بند رکھنے سے ناصرف کروڑوں طلبہ متاثر ہورہے ہیں بلکہ اساتذہ، کلرک، چپڑاسی، ماسی، چوکی دار، اسکول وین ڈرائیور، بک سیلرز، اسٹیشنریز، کینںٹین کا عملہ، پرنٹر اور پبلشرز بھی بے روزگاری اور فاقہ کشی پر مجبور ہیں، ہم وزیر اعظم، چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف، وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے اپیل کرتے ہیں ایس او پیز کے تحت دیگر شعبہ جات کی طرح اسکولز بھی کھولنے کی اجازت دی جائے۔