لاہور:وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ عوام گھروں میں رہیں، یہ نہ ہو کہ مزید لاک ڈاؤن کرنا پڑے، چھٹیاں سیرو تفریح کے لیے نہیں دی گئیں گھروں میں رہنے کے لیے دی ہیں۔
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب میں 384 افراد کے ٹیسٹ کرچکے ہیں،پنجاب حکومت شوکت خانم ہسپتال میں مفت ٹیسٹ کررہی ہے۔
تفصِلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 78ہوگئی ہے
یاسمین راشد نے مزید کہا کہ ملتان میں مریضوں کا نیا کیمپ بنایا ہے، جہاں تفتان سے آئے مریضوں کو رکھا جائے گا، وہاں 1500 مریضوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ابھی تک جن زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں تصدیق شدہ لوگوں کو الگ کردیا گیا ہے۔ جو لوگ ٹھیک ہیں ان کو بھی قرنطینہ میں14دن گزارنا لازمی ہوگا۔جبکہ حالات کو مدنظررکھتے ہوئے مزید آئسولیشن رومز کا بندوبست بھِی کررہے ہیں۔ آئندہ دنوں زائرین اور طلباء ملا کر 5 ہزار لوگ پاکستان آرہے ہیں، پنجاب میں سامنے آنے والے تمام کیسز نے بیرون ملک کا سفر کیا ہوا ہے۔ پنجاب حکومت بالکل مفت ٹیسٹ کررہی ہے۔ ہم نے اپنی کٹس شوکت خانم ہسپتال کو دی ہوئی ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال مفت ٹیسٹ کررہا ہے۔
وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا مزید کہنا ہے کہ جن ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے وارڈز ہیں وہاں سپلائی کی کوئی قلت نہیں۔ ہسپتالوں میں کورونا وائرس حفاظتی سامان وافرتعداد میں موجود ہے۔