اسلام آباد: کورونا وبا قابو میں ہے، جلد ہی اس پر مکمل قابو پالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے اپنی زیر صادرت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا۔
اس اجلاس میں ملک بھر سے پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزرائے اعلی سمیت وفاقی وزراء ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں کورونا کی صورت حال، حکومتی اقدامات اور مرض سے متعلق خدشات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں کورونا کی صورت حال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ عمران خان نے ٹائیگر فورس کے بارے میں پارٹی اراکین کو گائیڈ لائنز فراہم کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے حلقوں میں ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے لیے عوام کی خدمت کا بہترین موقع ہے، موجودہ وقت سارے اختلافات بھلا کر قوم کی خدمت کا تقاضا کرتا ہے۔ مجھے معلوم ہے ہر کوئی اپنی استعداد میں کام کررہا ہے، موجودہ صورت حال میں ایک ٹیم بن کرکام کرنا ہوگا، اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ کورونا وائرس کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچانے ہیں، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتظامیہ کے ساتھ مل کرقیمتوں پر نظر رکھیں، کورونا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو متحرک کریں۔ حکومتی گائیڈ لائنز پرعمل درآمد کروانے میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔ ارکان اسمبلی مساجد میں ایس اوپیز پرعمل درآمد کرانے میں بھی کردار ادا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا قابو میں ہے جلد ہی اس پر مکمل قابو پالیں گے۔ کورونا سے ملکی معیشت کو بہت نقصان ہوا، حکومت ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔