موبائل فونز کی درآمدات میں 63 فیصد اضافہ

کراچی: جولائی 2019 تا مئی 2020 کے رواں مالی سال کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 63.17 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جب کہ جوتوں کی برآمدات 4.29 فیصد تک بڑھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ادارہ برائے شماریات کی جانب سے پیش کردہ اعدادوشمار میں جولائی تا مئی جوتوں کی برآمدات 11 کروڑ 48 لاکھ 60 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جب کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جوتوں کی برآمدات سے 11 کروڑ ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا تھا، اس طرح برآمدات میں 47 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
چمڑے کے جوتوں کی برآمدات میں 1.83 فیصد اضافہ ہوا، جس سے برآمدات کا حجم 9 کروڑ 74 لاکھ 13 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا، اسی طرح کینوس کے جوتوں کی برآمدات بھی 3 لاکھ 51 ہزار ڈالر تک بڑھیں۔
دوسری جانب موبائل فونز کی درآمدات ایک ارب 12 کروڑ 86 لاکھ (1128.641 ملین) ڈالر تک بڑھ گئیں جب کہ گزشتہ مالی سال درآمدات کا حجم 69 کروڑ78لاکھ ڈالر رہا تھا۔ اس طرح موبائل فونز کی درآمدات میں 440.828 ملین ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔