اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3858 تک جاپہنچی، جن میں سے 36 اس وائرس کے ہاتھوں جاں بحق ہوچکے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کورونا سے متاثر ہیلتھ ورکرز کی تفصیلات جاری کی ہیں، جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3 ہزار 858 تک جاپہنچی۔ ان میں 2 ہزار 327 ڈاکٹرز، 476 نرسز اور دیگر عملے کے ایک ہزار 55 افراد شامل ہیں۔ متاثرہ ہیلتھ ورکرز میں سے 3 ہزار 110 دیگر مقامات پر ڈیوٹی پر مامور تھے، ان میں سے 748 افراد انتہائی نگہداشت سینٹرز میں فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثر 1456 ہیلتھ کیئر ورکرز صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 2 ہزار 100 ہیلتھ ورکرز اس وقت گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کیے گئے ہیں، 266 ہیلتھ ورکرز مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں 263 ہیلتھ ورکرز کی حالت بہتر ہے جب کہ اسپتالوں میں داخل 3 ہیلتھ کیئر ورکرز تشویش ناک حالت ہونے کے باعث وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 36 ہیلتھ ورکرز زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں سندھ کے 14، خیبر پختونخوا کے 7، پنجاب کے 6، بلوچستان کے 5 جب کہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے 2،2 ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔