مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری، مزید 4 کشمیری شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
پچھلے ایک ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر میں ماہ رمضان کے دوران بھی قابض بھارتی فوج کی جنونیت میں کمی نہیں آئی، بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی جاری ہے اور مذہبی آزادی پر قدغن لگائی گئی ہے۔
قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ سرچ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چہار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف اور حریت پسند لیڈر ریاض نیکو شہید ہوئے جب کہ ان کے ساتھ عادل احمد بھی شہید ہوگئے۔ بھارتی فوج نے گزشتہ رات حریت پسند ریاض نیکو کو گھیرے میں لیا تھا۔
دوسری جانب حریت رہنماؤں نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کی نسل کشی کے بعد سڑکوں پر نکل آئیں، کیونکہ قابض بھارتی فوج آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کشمیری حریت رہنماؤں محمد اشرف، عمر عادل ڈار، یاسمین راجہ، محمد یوسف نقاش، مسلم لیگ، پیپلز لیگ، طلبہ سمیت دیگر بڑی تعداد نے شہید ہونے والے کشمیری حریت پسندوں ریاض نیکو اور عادل احمد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔