کراچی: معروف اینکر پرسن، ناجیہ میر نے اپنے ملبوسات کا برانڈ لانچ کر دیا، ملبوسات کی فروخت سے ہونے والی آمدنی کا 15 فی صد کورونا متاثرین کو مختص کیا گیا ہے۔
”ناجیہ میر“ نامی اس برانڈ سے متعلق معروف اینکرکا کہنا تھا کہ ہر شخص اچھے ملبوسات اور اپنے مزاج سے مطابقت رکھنے والے برانڈ پہننے کا خواہش مند ہوتا ہے، البتہ ہر کوئی برانڈز خریدنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، تو یہ برانڈ ان تمام افراد کے لیے جو نہ صرف اسے اپنے اسٹائل، بلکہ اپنے بجٹ کے بھی مطابق پاتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ عوام کا برانڈ ہے، پھر ہمارے پاس اس میدان میں ایسے کئی کاریگر ہیں، جنھیں اچھے پلیٹ فورم درکار تھا۔ یہ پلیٹ فورم کئی قابل کاریگروں کے لیے کام کو سامنے لانے میں معاون ہوگا۔ زندگی کے مختلف طبقات کو راغب کرنے کے لیے ہم اپنی مصنوعات کو جدید رجحانات سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔ ہم مشرق اور مغرب کے فیوژن سے جدید فیشن بنا رہے ہیں، یہ ٹرینڈز کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے کلچر کو پرموٹ کرنے کی عاجزانہ کوشش ہے۔
انھوں نے مزید کہا ہم نے مارچ میں برانڈ لانچ کا فیصلہ کیا تھا، مگر کورونا بحران کی وجہ سے لانچ ملتوی ہوگی۔ اس بحران اور دیگر مسائل کی وجہ سے ہزاروں افراد کی طرح ہماری ٹیم کے لیے بھی مشکلات پیدا کیں۔ اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ فروخت سے ہونے والے منافع کا پندرہ فی صد کوورنا متاثرین کے لیے مختص کیا جائے گا۔ساتھ ہی کراچی بھر میں ڈیلیوری مفت ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات کی وجہ سے ہم آن لائن سروس فراہم کر رہے ہیں، اس بحران کے بعد مزید فیصلے کیے جائیں گے۔ انھوں نے نوجوانوں کو خود پر یقین رکھنے اور تلاش ذات کا مشورہ دیا۔۔