مسٹر پاکستان ورلڈ 2020 کیوان حسنین کے بلند عزائم

لاہور: پاکستانی نژاد امریکی کیوان حسنین نے حال ہی میں مسٹر پاکستان ورلڈ 2020 کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ کیلی فورنیا امریکا میں پیدا ہونے اور پرورش پانے والے اس نوجوان کا تعلق لاہور سے ہے اور یہ آئندہ برسوں میں بہت سے عالمی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن ہوتا دیکھنے کے متمنی ہیں۔
یہ سال کیوان حسنین کے لیے خاصا مصروف رہے گا کیونکہ وہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے لے کر پارٹی کے مختلف سربراہان کا نوجوانوں کے حوالے سے پیغام پہنچانے اور پاکستان کے مثبت تاثر کی وکالت کرنے کی خاطر بین الاقوامی اور قومی سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ حسنین کی تمام تر توجہ پاکستان کے نوجوانوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالنے پر مرکوز ہے۔
اُن سے جب استفسار کیا گیا کہ آپ کو یہ اعزاز جیت کر کیسا محسوس ہوتا ہے تو اس کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ حیران کن لگتا ہے، میرا ہمیشہ یہ مقصد رہا کہ میں ایک رول ماڈل بنوں اور دوسروں کے لیے اچھی مثال قائم کروں۔ میں ملک و قوم کا نام دُںیا میں روشن کرنا چاہتا ہوں۔ معاشرے کے پس ماندہ افراد کی مدد کرنا ضروری ہے۔ عالمی سطح پر میرا ارادہ پاکستان کی نمائندگی کرنے اور اپنے ملک کو فخر دینے کا ہے، میں پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کی بھرپور سعی کروں گا۔ میں پاک وطن کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں۔