وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک کورونا وائرس کی ویکسین نہیں آجاتی، اُس وقت تک یہ کنٹرول نہیں ہوگا، اب ہمیں اس وائرس کے ساتھ رہنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم کی زیر صدارت کورونا وائرس کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں مہلک وائرس کے ملکی معیشت پر اثرات زیر غور آئے، اس موقع پر وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ہم مزید لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کیا صورتحال پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کھولنے کے فیصلے پرطبی عملہ فکرمند تھا، ہمیں ان کی پریشانیوں کا پوری طرح احساس ہے۔ البتہ جب تک ویکسین نہیں آجاتی، اُس وقت تک ہمیں اس وائرس کے ساتھ رہنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی دو مہینے کا لاک ڈاؤن ہوچکا ہے، کیا ہم لاک ڈاؤن کرکے بزنس بند کرسکتے ہیں؟ ہم وہ لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، جو یورپ، امریکا اور چین نے کیا۔
انھوں نے اپیل کہ کہ دکانوں اور مارکیٹوں کے مالکان حکومت کی طے کردہ ضابطہ کار پر عمل درآمد کریں، عوام بھی اس ضمن مِں احتیاط کریں۔