اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ پیر تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور پیر کے روز خیبر پختونخوا، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، میانوالی، سرگودھا، بھکر، لیہ، خوشاب، منڈی بہاءالدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، لاہور، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ چاغی، نوشکی، کوئٹہ، ژوب، ہرنائی، بارکھان، کوہلو، لورالائی، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، رحیم یار خان، بہاولنگر اور بہاولپور میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ تاہم بلوچستان، بالائی سندھ، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی اور چھور میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔