محکمہ موسمیات نے کراچی میں 28 دسمبر سے سردی میں اضافے کی پیش گوئی کردی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید سردی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 دسمبر سے پارہ پھر گرنا شروع ہوگا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 28 دسمبر کے بعد کچھ روز تک درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں رہنے کا امکان ہے، 28 دسمبر سے شروع ہونے والی سردی کی لہر پچھلی لہر سے زیادہ ٹھنڈی ہوگی۔گزشتہ ماہ بھی کراچی میں درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جو گزشتہ 10 برسوں میں نومبر میں سب سے کم تھا، اس سے قبل نومبر 2017 میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نومبر 2010 میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی کراچی میں شدید کے باعث درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔