متحدہ عرب امارات میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ

صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات میں بحی لوگوں نے کھانے پینے کی اشیا ذخیرہ کرنا شروع کردی جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ رواں ہفتے کے دوران خصوصاً سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ ہفتے بھارتی پیاز 5.95درہم میں فروخت ہو رہا تھا، جس کی قیمت اب بڑھ کر 7 درہم فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ فلپائنی کیلے کی قیمت گزشتہ ہفتے 5 درہم میں فروخت ہوا، تاہم اب یہ 6.50 درہم میں فروخت ہو رہا ہے۔ مصر سے درآمدہ شدہ آلو کی قیمت 2.50 درہم سے بڑھ کر 2.95 درہم تک جا پہنچی ہے۔

اس کے علاوہ پھلیوں، کریلوں،بھنڈی، گاجر، گوبھی اور لمبے بینگن کی فی کلو قیمت میں بھی ایک درہم سے دو درہم تک کا اضافہ ہو گیا ہے۔

جبکہ کینو، امروداور موسمی سمیت وٹامن سی سے بھرپور پھلوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ البرشا میں واقع ایک اسٹور کے مینجر کا کہنا تھا کہ مملکت میں ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل محدود ہونے کے باعث پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ جیسے کئی بھارتی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے باعث وہاں سے پھلوں اور سبزیوں کی سپلائی میں کمی آ گئی ہے جس کا یقینی نتیجہ قیمتوں میں اضافے کی صورت میں نکلا ہے۔
اسی وجہ سے دُکاندار بھی غذائی اجناس مہنگی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ابوظہبی، دُبئی اور شارجہ کے میں اشیاء بہت مہنگی ہوگئی ہیں۔ ابوظہبی میں کئی مقامات پر پیاز اور ٹماٹر دُگنے داموں فروخت ہو رہا ہے۔ ایک پاکستانی صارف کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں میں سبزیاں اور پھل اتنے مہنگے داموں بِک رہے ہیں کہ اس کی خریداری میں اس کا سارا بجٹ خراب ہو گیا ہے۔
صارف کے مطابق اس نے ایک کلو پیاز اور ایک پاؤ ٹماٹر کے بدلے میں 10 درہم کی رقم ادا کی ہے۔ اتنی مہنگائی کے باعث اسے لوگوں سے قرض لے کر گزارا کرنا پڑے گا۔ یہاں تک کہ مچھلی کا ریٹ بھی عام دنوں کے مقابلے میں دُگنا ہو گیا ہے۔ ایک بھارتی کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے کئی اشیائی کی قیمتوں میں ایک درہم سے پانچ درہم کا خوفناک اضافہ ہو گیا ہے۔ 4.2درہم فی کلو میں بکنے والا پیاز 10 درہم میں فروخت ہو رہا ہے۔ جبکہ آلو 4.5درہم فی کلو میں دستیاب ہے۔ سنگترے کا 7 کلو کا پیکٹ جو 30 درہم میں ملتا تھا، اب پچاس درہم میں فروخت ہو رہا ہے۔