ماہرہ کس پر فدا، بتانے سے گریزاں!

کراچی : اداکارہ ماہرہ خان ایسے شخص کی محبت میں مبتلا ہیں جسے فی الحال وہ دنیا سے چھپانا چاہتی ہیں۔خوبرو اداکارہ نے ثمینہ پیرزادہ کے ویب شو کے لیے دیے گئے انٹرویو میں جہاں اپنے فنی کیریئر پر کھل کر تبصرہ کیا وہیں نجی زندگی کے چند پوشیدہ اوراق بھی مداحوں سے شیئر کیے۔
ثمینہ پیرزادہ نے شرارتاً پوچھا ،کیا ماہرہ کسی سے محبت کرتی ہیں؟ جس پر ماہرہ نے شرماتے ہوئے اثبات میں سر ہلایا اور کہا ، میرا خیال ہے مجھے محبت ہوگئی ہے۔ میزبان نے مزید کریدنے کی کوشش کی تو ماہرہ نے ’’میں بہت شرمیلی ہوں‘‘ کہہ کر بات کاٹ دی۔
ثمینہ پیرزادہ نے فوراً سوال داغا کہ کیا میں ’انہیں‘ جانتی ہوں؟ ماہرہ نے جواب دیا، ہوسکتا ہے آپ جانتی ہوں لیکن ’وہ‘ شوبز انڈسٹری سے تعلق نہیں رکھتے۔میزبان نے ایک اور سوال پوچھا، کیا تم نام بتانا پسند کروگی؟ ماہرہ نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی وقت نہیں۔ میں وہمی ہوں اور چاہتی ہوں کہ اسے دنیا سے چھپاؤں۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا اذلان پہلی ترجیح ہے۔ میں کبھی اذلان کو منظرعام پر نہیں لائی۔ میں اپنے پیاروں سے متعلق توہم پرست ہوں۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان کی شادی 2007 میں علی عسکری سے ہوئی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2015 میں طلاق ہوگئی تھی۔