آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماؤں کا عالمی دن (ورلڈ مدرز ڈے) منایا جارہا ہے، یہ دن اس رشتے کی اہمیت اور ماؤں کی ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جو وہ اپنی اولاد کے لیے دیتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج کے دن ترقی یافتہ سے ترقی پذیر ممالک تک، سب ہی اقوام ماں کے عظیم رشتے کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔
ایک جانب جہاں دنیا بھر کے باسی اپنی مائوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وہیں اس ضمن میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور ورک شاپس منعقد کی جاتی ہیں، ریڈیو اور ٹی وی پر خصوصی پروگرام نشر کیے جاتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق 1967 سے ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو تمام ارکان ممالک میں ماؤں کی عظمت، ان کی اہمیت و افادیت، ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لئے ورلڈ مدرز ڈے منایا جاتا ہے۔
ایسے میں جب ہم کورونا بحران کا شکار ہیں، ایک مہلک وبا ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے، ایثار اور قربانی کی علامت سمجھا جانے والا یہ دن مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔