اسلام آباد: مئی کا مہینہ برسات کا سلسلہ ساتھ لارہا ہے، جمعہ سے اگلی جمعرات تک ملک کے 90 فیصد علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم مئی سے 6 مئی تک ملک کے 90 فیصد علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ صوبہ پنجاب، بلوچستان ،خیبرپختونخوا اورسندھ میں بارشوں کا امکان ہے۔
بلوچستان کے اکثر مقامات پرموسلا دھار بارش سمیت آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، چمن، خوجک، ژوب، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، لورا لائی، ہرنائی، سبی، میختر، کوہلو، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، سوئی، ڈیرہ مراد جمالی، زیارت، نوشکی، خاران، قلات، دالبندین، خضدار، بیلا، اوتھل، آواران، پنجگور، تربت میں اکثر مقامات پر موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
دوسری جانب یکم مئی سے 7 مئی کے دوران خیبرپختونخوا کے تمام علاقوں میں تیز آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ گرج چمک کے شدید طوفان وادی پشاور، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، بنوں، بشام، کوہستان میں روزانہ آئیں گے۔ وادی چترال، سوات، کوہستان، کاغان، ناران، بابو سر ٹاپ سمیت 9 ہزار فٹ سے زائد بلند پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
صوبہ پنجاب میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ مری، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، ٹیکسلا، واہ کینٹ، تلہ گنگ، چکوال، کلرکہار، جہلم، کھیوڑہ ،منڈی بہاء الدین میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے بھی کچھ علاقوں دادو، کیرتھر نوری آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، میرپور خاص، شکارپور، سکھر، شہدادکوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، نوشہروفیروز، جوہی، سیہون شریف، قاضی احمد، سکرنڈ، نواب شاہ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔