مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لوگوں کو اغوا کرکے انہیں حق اورسچ بولنے کی سزا دے کر مزید بدنامی نہ کمائیں، اب اس روایت کو ختم ہونا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاپتہ ہونے والے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ علی عمران سید نے شاید کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے سی سی ٹی وی ویڈیو ایئر کی تھی جس کی بنا پر انہیں اٹھا کر غائب کیا گیا ہے ، یہ بڑے افسوس کی بات ہے ، حق اور سچ بولنے والوں کو سزا دے کر بدنامی نہ کمائی جائے ، بلکہ اب ایسی غلط روایات کو ختم ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے لاہور ائیرپورٹ سے روانہ ہوگئیں ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا چینی اور آٹا مارکیٹ سے غائب ہے اور ان کی توجہ نوازشریف پر ہے ، اب این آر او کی ضرورت عمران خان کو ہے کسی اور کو نہیں ، کراچی واقعے سے حکومت کی بدنامی ہوئی، اس واقعہ کی انکوائری کی ضرورت نہیں، کیوں کہ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔