لداخ میں چینی فوج سے جھڑپ، 3 بھارتی فوجی ہلاک

نئی دہلی: چین کی فوج سے لداخ میں جھڑپ میں 3 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لداخ میں چینی اور بھارتی فوج کے درمیان صورت حال کشیدہ ہوگئی، جس کے بعد ایل اے سی کی گیلوان وادی میں بھارت اور چین کی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں میں ایک بھارتی افسر سمیت 2 جوان ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کشیدگی کے بعد بھارت اور چین کے فوجی حکام کے درمیان صورت حال معمول پر لانے کے لیے مذاکرات بھی جاری ہیں۔

وادی گلوان لداخ میں بھارت اور چین کی سرحدی لائن کا علاقہ ہے۔ اس علاقے میں بھارت اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی نے حالیہ دنوں میں ایک بار پھر سر اٹھایا ہے اور اس تناؤ کو 1999 میں انڈیا کی پاکستان کے ساتھ کارگل میں ہونے والی جنگ کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی کشیدگی قرار دیا جارہا ہے۔
اس سے قبل 2017 میں بھارت اور چین کی افواج ڈوکلام کے مقام پر آمنے سامنے آئی تھیں لیکن گذشتہ ایک ماہ کے دوران مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ سمیت بھارت اور چین کے درمیان لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے مختلف مقامات پر دونوں جانب سے افواج کی موجودگی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔