لاہور، اسپتالوں میں ہنگامی الرٹ جاری

ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے بڑے اسپتالوں کو ہنگامی الرٹ جاری کردیا۔تفصِلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ایکسپو فیلڈ اسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 2 کو کورونا مریضوں کے لیے فوری فعال کردیا جائے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے 4 بڑے اسپتالوں کو بھی ہائی ڈپنڈینسی یونٹس اور آئی سی یو مکمل فعال رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ میو اسپتال، سروسز اسپتال، جناح اسپتال اور لاہور جنرل اسپتال کو کرونا کیسز کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے مزید 3 ہزار 119 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 13 ہزار 191 ہوگئی۔