کیپ ٹاؤن: دنیا بھر میں عالمگیر وبا کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کا جانوروں نے فائدہ اٹھانا شروع کردیا، جنوبی افریقہ میں شیروں نے خالی سڑک دیکھ کر ڈیرے جمالیے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ میں بھی جنگل کے متصل علاقوں میں جنگلی جانور دیکھے گئے۔ سڑکیں اور گلیاں سنسان ہونے کے باعث چہل قدمی اور غذا کی تلاش میں جانور انسانی آبادی کا رخ کررہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں قائم پارک میں سیاحوں کی آمد نہ ہونے کی وجہ سے پارک کی سڑکیں خالی ہیں جہاں عموماً سیاح گاڑیوں میں سوار ہوکر جانوروں کا نظارہ کرتے، سیلفیاں اور ویڈیوز بناتے ہیں۔
پارک خالی ہونے کے باعث شیر سڑکوں پر لیٹ گئے اور سورج کی روشنی سے ’سن باتھ‘ لینے لگے، مذکورہ حیرت انگیز تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ہزاروں صارفین نے تصاویر پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔