اسلام آباد: عوام کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے عوام کو مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ہے۔ یہ باتیں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام نے عزم و ہمت، استقامت اور یکسوئی سے اس عفریت کا مقابلہ کرنا ہے، عوام ہجوم والی جگہوں پر نہ جائیں، ہوٹلز میں بیٹھنے کے بجائے ٹیک اوے کو ترجیح دیں، کورونا پر قابو پانے کے لیے ورلڈ بینک پاکستان کو 238 ملین ڈالر دے گا، اے ڈی بی پاکستان کو 350 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا قوم کی صحت کا تحفظ وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، وہ ذاتی طور پر ساری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، کسی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی ہوئی ہے اور نہ برداشت کی جائے گی۔