اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان شاء اللہ پاکستان کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتے گا اور پاکستانی بطور قوم متحد ہو کر وائرس کو شکست دیں گے، اس وبا سے ڈرنے کی نہیں صرف احتیاط کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے سابق وزیر قانون بابر اعوان کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ملکی صورت حال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کورونا وائرس صورتحال اور قابو پانے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس پر کنٹرول کے حوالے سے چین کا تعاون قابل ستائش ہے، چین کی کورونا کی روک تھام کے لیے معاونت فراموش نہیں کرسکتے۔
اُنہوں نے کہا پاکستانی بطور قوم متحد ہوکر وائرس کو شکست دیں گے، کورونا سے ڈرنے کی نہیں صرف احتیاط کی ضرورت ہے، وائرس کےاثرات کے تناظر میں عالمی اداروں کواعتماد میں لیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے تمام اقدامات کی خود نگرانی کررہا ہوں، عوام کو ریلیف پہنچانے کے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے وزیراعظم کا قائدانہ کردار قابل تعریف ہے، قوم کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر فخر اور بروقت حکومتی انتظامات قابل ستائش ہیں۔