کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں قومی اسمبلی ارکان کی تنخواہ ومراعات بڑھانے کا بل چیلنج کردیا گیا جس میں کہا گیا موجودہ صورتحال میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ ومراعات کالعدم قراردی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی ارکان کی تنخواہ ومراعات بڑھانے کے بل کیخلاف درخواست دائر کردی گئی، درخواست شہری محمود اخترنقوی نے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی ، جس میں وزیراعظم بذریعہ پرنسپل سیکرٹری،فوادچوہدری کوفریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی اموراورسیکرٹری قومی اسمبلی ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پارلیمانی کمیٹی قومی اسمبلی و دیگر کو بھی فریق بنایا گیا ہے دائر درخواست میں کہا گیا وزیر مملکت علی محمد خان نےتنخواہ و مراعات کےلیےبل پیش کیا، بل کے تحت ہررکن قومی اسمبلی کو سالانہ25ایئر ٹکٹ استعمال کرنے کا اختیاردیاگیا، یہ ایئرٹکٹ رکن پارلیمنٹ کےاہلخانہ کو بھی استعمال کرنے کا اختیار دیا گیا درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایئرٹکٹ استعمال نہ کرنےکی صورت میں متبادل رقم حاصل کرنےکی چھوٹ دی گئی، موجودہ صورتحال میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ ومراعات کالعدم قراردی جائیں۔