پاکستان کی معروف گلوکارہ قرۃالعین بلوچ نے حقوق مانگنے والی خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
خلیل الرحمان قمر اور ماروی سرمد کے درمیان ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں ہونے والی بحث نے انڈسٹری کی دیگر شخصیات کو بھی متاثر کیا ۔
جہاں سوشل میڈیا پر عام صارفین کھُل کر اس موضوع پر بات کر رہے ہیں وہاں پاکستان انڈسٹری کے ستارے بھی میدان میں آگئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معروف گلوکارہ قرۃالعین بلوچ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اصل فیمینسٹ کام کرتی ہیں، اپنے حقوق مانگنے کے لیے چیخ و پکار کرنے میں وقت ضائع نہیں کرتیں۔
اس ٹویٹ کے بعد صارفین کا ملا جُلا ردِ عمل سامنے آرہا ہے۔ کچھ صارفین اس بیانیے کی مذمت کرتے نظر آرہے ہیں تو کچھ اس کی حمایت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے دنوں معروف اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے نجی چینل کے ٹی وی شو میں خلیل الرحمان قمر کو کھری کھری سنادی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کے حامی صارفین ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔