معروف سماجی کارکن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
تفصیلات کے مطابق عبدالستار ایدھی کے صاحب زادے فیصل ایدھی کورونا میں مبتلا ہوگئے، وہ اس وقت اسلام آباد میں ہیں اور قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست مرتب کی جارہی ہے، جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی۔
خیال رہے کہ فیصل ایدھی نے 5 دن قبل وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کےعملے اور فیصل ایدھی کے اہل خانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ کورونا بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ مزید 16 جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات 197، ہوگئیں جب کہ متاثرین کی تعداد 9216 ہوگئی ہے۔