لیکان ویلی: دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’فیس بُک‘‘ کے بانی وسربراہ مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ادارہ اپنے ہر ملازم کو 1,000 ڈالر (1 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے) بطور بونس دے گا تاکہ وہ کورونا کی عالمی وبا کا بہتر طور پر مقابلہ کرسکیں ۔
ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں فیس بُک ملازمین کی مجموعی تعداد 190,000 ہے جس میں کم از کم 45,000 وقتی ملازمین بھی شامل ہیں۔ مارک زکربرگ کی جانب سے یہ اعلان دنیا بھر میں فیس بُک کے کُل وقتی ملازمین کےلیے کیا گیا ہے۔ جزوقتی (پارٹ ٹائم) اور کنٹریکٹ ملازمین کےلیے ابھی تک فیس بُک کی جانب سے کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔
خبروں کے مطابق، فیس بُک ملازمین کے نام اپنے پیغام میں مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی اپنے ملازمین کو اضافی چھٹیاں دینے پر بھی غور کررہی ہے تاکہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ رہ سکیں اور ان کا خیال رکھ سکیں۔
یاد رہے کہ فیس بُک پہلے ہی 30 ہزار چھوٹے کاروباری و تجارتی اداروں کےلیے 100 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کرچکا ہے تاکہ یہ ادارے بھی موجودہ عالمی بحران میں اپنے اُن ملازمین کو تنخواہیں ادا کرسکیں جو اس وقت کسی بھی وجہ سے کام پر نہیں آسکتے۔