فضائی سرحدوں کی حفاظت اور قومی توقعات کی تکمیل مقدس فرائض ہیں، ائیر چیف

ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہان ہے کہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت اور قومی توقعات کی تکمیل مقدس فرائض ہیں، قوم کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے  ہر ممکن کوشش کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار  پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیے۔ائیر چیف نے گریجویٹ ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے پیشروؤں کی درخشاں روایات کے قابل فخرامین ہیں جنہوں نے پاک فضائیہ کو ایک ناقابل شکست قوت میں تبدیل کردیا، لہذا آپ کی  آگے بڑھنے کی خواہش گریجویشن کے ساتھ ختم نہیں ہونی چاہیے ۔موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ  پاک فضائیہ نے اپنی آپریشنل تیاریوں اور اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیا ہے، پاک فضائیہ قومی خدمت کے لیے  ہرلمحہ تیار ہے۔