کراچی: طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، ایئربس ماہرین کی ٹیم نے چوتھے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے حادثہ اور رن وے کا معائنہ کیا اور ویڈیوز بھی بنائیں۔ سندھ ہائی کورٹ میں حادثہ تحقیقات سے متعلق سماعت ہوئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا انکوائری رپورٹ 22 جون تک آنے کا امکان ہے۔
تحقیقات کے چوتھے روز فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے حادثہ اور رن وے 25 کا معائنہ کیا۔ ایئرپورٹ فنل ایریا میں گوراونڈ چکر بھی لگائے۔ ماہرین نے ویڈیو ایئربس ہیڈ آفس فرانس بھیجنے کے لیے ہائی ریزولیشن کیمروں سے مناظر عکس بند کیے۔
جائے حادثہ پر ملبہ اٹھانے کا کام 80 فیصد مکمل ہونے کے بعد ایئرفورس اور سول ایوی ایشن کی بھاری مشینری روانہ کردی گئی جب کہ آج ملبے کے تین ٹرک ایئرپورٹ ورک شاپ منتقل کیے گئے ہیں۔ جہاز کے انجن کا ایک حصہ اب بھی موجود ہے۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں حادثے کی شفاف تحقیقات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ واقعے کی رپورٹ کب آئے گی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان نے بتایا کہ 22 جون تک رپورٹ آنے کے امکانات ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی رپورٹ پبلک کی جائے گی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ حادثے کی تحقیقات تو ہورہی ہیں۔ حتمی رپورٹ سے پہلے حکومت کو کیسے نوٹس جاری کریں۔ عدالت نے سماعت 25 جون تک ملتوی کردی۔