اسلام آباد/ کراچی: کورونا پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے پاکستان بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں عید کی 3 روز کی تعطیلات کے بعد شاپنگ مالز، دکانیں اور بازار کھل گئے، تاہم تعلیمی ادارے، شادی ہالز، سینما وغیرہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث مسلسل 65 ویں دن بھی بند ہیں۔
میڈیکل اسٹورز، کریانہ اسٹورز، دودھ دہی سبزی، گوشت، مرغی کی دکانیں مقررہ اوقات میں کھلی ہیں جب کہ بڑے شاپنگ مالز، بازار، مارکیٹیں صبح 9 سے شام پانچ بجے تک کھلی رہ سکتی ہیں۔
پنجاب اور خیبرپختون خوا میں پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ رواں دواں ہے لیکن سندھ اور بلوچستان میں پابندی ہے۔ ملک میں ٹرین آپریشن احتیاطی تدابیر کے ساتھ فعال ہے تاہم جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس تاحال بند ہے۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی پر بھی عمل درآمد کرانے کے لیے سختی برتی جارہی ہے۔
اہم شاہراہوں پر پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان الرٹ ہیں اور گشت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔