کراچی: مرکزی بینک نے عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق عیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء سے متعلق اسٹیٹ بینک کا بڑا فيصلہ سامنے آیا ہے جس کے تحت امسال کرارے نوٹوں کی عیدی نہیں بٹے گی اور اس حوالے سے مرکزی بینک نے تمام چیف منیجرز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے چیف منیجرز کو جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کرے گا، اور عوام سمیت اسٹیٹ بینک ملازمین کو بھی نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے، فیصلہ بینکوں میں سماجی فاصلہ رکھنے اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔